Live Updates

یو م تشکر کے موقع پرراولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام پاک فوج سے اظہار یکجہتی جلسہ کا انعقاد،اعلیٰ افسران کی شرکت

منگل 13 مئی 2025 00:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) یو م تشکرکے موقع پرراولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے زیرانتظام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے جلسے کا انعقادکیاگیا۔ جلسے میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے خصوصی شرکت کی۔جلسے میں ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی، خواتین اور بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

جلسے میں پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ہم بار بار کہتے رہے کہ ہمارے امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، مودی نے دیکھ لیا ہے کہ پاک فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے،جو اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرکی قیادت میں افواج پاکستان ملکی سرحدوں کا دفاع کامیابی سے کر رہی ہیں، بھارتی حملوں کا بھر پور جواب دینے،ملک کو مزید مستحکم کرنے اور ملک پاکستان کی جغرافیائی اور نظر یاتی سرحدوں کی بھر پور انداز سے حفاظت کرنے پر پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور پاک فوج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت میں تباہی مچا دی ہے اور بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دیئے ،دشمن کی ا فواج تھر تھر کانپ رہی ہیں، بھارت نے حملہ میں پہل کی اور پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی غلطی کی، پاکستانی الفتح میزائیلوں نے بھارتی فوجی تنصیبات کو چن چن کر نشانہ بنایا اور انہیں نیست و نابود کر دیا،پوری پاکستانی قوم اس وقت اللہ اکبر کے نعرے تلے متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دے کر اپنے بے گناہ شہریوں کی شہادت کا بدلہ لے لیا ہے ،پاکستان کو بھارت پر نہ صرف فوجی بلکہ اخلاقی برتری بھی حاصل ہے۔یہ وہ لمحہ ہے جب پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے کارناموں پر ناز کرتی ہے اور شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی خاطر اپنا سب کچھ نچھاور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے بھارت کو جو دھول چٹائی ہے انکی آنیوالی نسلیں بھی یاد رکھیں گی اوراگرآئندہ بھی کسی نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کو انشا اللہ اس سے بھی سخت جواب ملے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات