Live Updates

بھارت کے تسلط پسندانہ عزائم کو فیصلہ کن طور پر چیلنج کیا گیا ہے اور اس کی فوجی برتری کے افسانے کو ختم کر دیا گیا ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک

منگل 13 مئی 2025 01:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے تسلط پسندانہ عزائم کو فیصلہ کن طور پر چیلنج کیا گیا ہے اور اس کی فوجی برتری کے افسانے کو ختم کر دیا گیا ہے۔پیر کوایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کا یکطرفہ تسلط پر یقین ٹوٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی روایتی فوجی بالادستی اور رافیل ڈیٹرنس کا افسانہ بے نقاب ہو گیا ہے،دنیا نے وہی رافیل گرتے دیکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا تکنیکی غلبہ کا بیانیہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب پاکستانی ڈرون اور میزائل بھارتی حدود میں داخل ہوئے۔انہوں نے ثبوت پیش کرنے کے بجائے بے بنیاد الزامات کا سہارا لینے پر نئی دہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ثبوت کے بجائے الزامات پر مبنی حملے کسی بھی مہذب گفتگو میں ناقابل قبول ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت بالآخر مکمل چکر لگانے کے بعد مذاکرات کی میز پر واپس آیا، جب کہ پاکستان نے شروع سے ہی امن اور مذاکرات پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بات چیت اب مساوی اور باوقار شرائط پر ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جسے امن کے فریم ورک کے طور پر برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی بھارت کی درخواست پر شروع کی گئی ۔ انہوں نے قوم کے سول اور ملٹری اتحاد کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات