Live Updates

وزیراعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت ریاست کے تمام علاقوں میں بلا امتیاز تعمیر و ترقی کے عزم پر کاربند ہے،چوہدری محمد رشید

منگل 13 مئی 2025 14:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رشید نے اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل کائی منجہ کے دیہی علاقوں بٹکنالہ، پلہوٹ اور اورنیاں سراں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر حکومت نے حالیہ وفات پانے والے افراد کے گھروں میں جا کر فاتحہ خوانی اور لواحقین سے دلی تعزیت کی۔

انہوں نے بیماروں کی عیادت کی اور ان کے لیے دعا کی۔وزیر حکومت نے بٹکنالہ سے اورنیاں سراں تک جاری 10 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا، جو موجودہ حکومت کی طرف سے کسی بھی حلقے میں سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے۔ عوام علاقہ نے اس پر وزیر حکومت اور آزاد حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل مالی حالات کے باوجود اتنے بڑے منصوبے کا آغاز عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

وزیر حکومت نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں موجودہ حکومت ریاست کے تمام علاقوں میں بلا امتیاز تعمیر و ترقی کے عزم پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے پیکجز کو نہ صرف تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے بلکہ شفافیت اور میرٹ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک طرف مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کر رہی ہے، تو دوسری جانب ریاست کے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔

یہ حکومت عوامی اعتماد کی امین ہے، اور ہر طبقے کی ترقی و خوشحالی اس کا مشن ہے۔وزیر حکومت نے اس موقع پر مسلح افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دلیر سپاہی وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر اول دستے میں موجود ہیں، جن کی لازوال قربانیوں سے ملک کا امن محفوظ ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کی محب وطن سول آبادی بھی ہر محاذ پر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر حکومت نے کہا کہ قوم کا ہر فرد اپنی فوج کے ساتھ ہے اور ملکی سلامتی، ریاستی استحکام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سب یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔بعد ازاں وزیر حکومت نے بٹکنالہ میں زیر تعمیر جامع مسجد کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوری تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ ان کے ہمراہ بڑی تعداد میں اہل علاقہ، عمائدین، نوجوان، اور کارکن موجود تھے، جنہوں نے وزیر حکومت کی خدمات کو سراہا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر پاور ڈویلپمنٹ کا یہ دورہ عوامی سطح پر ترقی، قومی یگانگت اور اداروں پر اعتماد کی علامت بن کر ابھرا ہے، جو حکومت کی سنجیدہ عوامی پالیسیوں کا عکاس ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات