Live Updates

بھارت سے سیز فائر ہو گیا تو آپس میں بھی ہونا چاہیے،بیرسٹرگوہر

بہنوں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی، جنید اکبر کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 13 مئی 2025 21:26

بھارت سے سیز فائر ہو گیا تو آپس میں بھی ہونا چاہیے،بیرسٹرگوہر
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہو گیا ہے تو آپس میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے، خوشی کی بات ہے کہ بہنوں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی، جنید اکبر کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، خبر ملی کہ انہوں نے دے دیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا غرور خاک میں ملا ہے، اللہ نے کرم نوازی کی ہے، جب پاکستان کا جواب گیا تو پوری دنیا نے دیکھا اور سنا، بھارت نے محسوس بھی کیا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے 26 مقامات پر ٹارگٹ کیا، بھارتی ایئر فورس نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے رافیل جہاز کا کتنا نقصان ہوا، تحریکِ انصاف نے قوم کی یک جہتی اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسمبلی میں بھی کہا کہ سب سے بڑی پارٹی کے رہنما کو مزید جیل میں نہ رکھیں، اگر بھارت کے ساتھ سیز فائر ہو گیا ہے تو آپس میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ قوم میں یک جہتی ہو، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی رہائی ہو، یہ لیڈروں پر مقدمات اور پکڑ دھکڑ ہمیشہ کے لیے ختم ہونا چاہیے، پاکستان سے دنیا کے تعلقات اب تبدیل ہوں گے، دنیا کا نظریہ اب تبدیل ہو گا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات