Live Updates

ضلع بھر میں آپریشن "بنیان مرصوص " کی کامیابی پر جشن منایا گیا، ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی کے زیر اہتمام اظہار تشکر

منگل 13 مئی 2025 21:56

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) ضلع بھر میں آپریشن "بنیان مرصوص " کی کامیابی پر جشن منایا گیا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی کے زیر اہتمام اظہار تشکر، پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام سے شروع ہو کر لاری اڈہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام چوہدری بشارت نے کی۔

ریلی میں ضلعی آفیسران، انجمن تاجران، وکلاء، صحافی، طلبہ، سول سوسائٹی اور ہر مکتبہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج کو قابض بھارتی افواج کو دندان شکن جواب پر خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص " نے بھارت کے جنگی جنون کو شکست دی۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے اپنی جنگی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر منوایا ہے۔ پاک فوج کے سامنے بھارت کی فوجی طاقت ریت کی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ پاکستان کے میزائلوں نے بھارت کی فوجی طاقت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا ہے۔ آپریشن "بنیان مرصوص " کی کامیابی حق اور سچ کی فتح ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اور سپہ سالار نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

پاک فوج کی جنگی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے دشمن پر ہیبت طاری کی ہے۔ مودی نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو بھارت کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ اس موقع پر حکومت پاکستان، افواج پاکستان، سپہ سالار اور پاک فضائیہ کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی بھی کی گئی اور شرکاء نے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا اور بھارت سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔\378
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات