Live Updates

کراچی کی تجارتی تنظیموں کا پاک فوج کو خراج تحسین

منگل 13 مئی 2025 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی سربراہی میں کراچی کی تمام تجارتی تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ پاکستا ن پر بھارت کے حملے کو ناکام بنانے، ٹیکنالوجی کے دور میں عالمی سطح پر پاکستان کو لوہا منوانے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت پاک فضائیہ ، بحریہ اور بری افواج کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باعث شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے حملہ میں شامل دنیا کے بہترین جنگی طیاروں کو چند لمحوں میں گرا کر پہلے ہی برتری حاصل کرلی تھی جس سے دشمن بری طرح بوکھلا گیا اور جب بھارت کا جنگی جنون حد سے بڑھا تو پاکستان کی مسلح افواج کے منہ توڑ جواب نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے میں پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ نے بھی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور پوری قوم میں اتحاد نظر آیا جس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔اس موقع پر ڈپٹی پیٹرن ان چیف کاٹی زبیر چھایا، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ، نائب صدر طارق حسین، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عظیم علوی، فیڈرل بی ایریاایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر تحسین شیخ، سائٹ سپر ہائی وے کے صدر مسعود پرویز، ٹینرز ایسوسی ایشن سائوتھ زون کے چیئرمین دانش امان، فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن کے عرفان سروانہ، وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق صدر کاٹی شیخ عمر ریحان، فرحان الرحمان، شیخ فضل الجلیل، احتشام الدین، سلیم الزماں سمیت کراچی چیمبراور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات