Live Updates

وزیر خارجہ مارکو روبیو ترکی میں یوکرین مذاکرات میں شرکت کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 14 مئی 2025 01:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو رواں ہفتے ترکی میں یوکرین جنگ پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں ایک تقریب سے اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کہا کہ اس ہفتے کے آخر میں، ممکنہ طور پر جمعرات کو ترکی میں بات چیت ہو رہی ہے، اور اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ مغرب کو یورپ میں ایک اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں خود کو پیچھے نہیں کھینچنا چاہیے۔ محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ روبیو کی جمعے کو استنبول میں آمد متوقع ہے۔ وہ جمعرات کو ترکی کے شہر انطالیہ میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ترکی میں ان سے ملاقات کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ نہیں آتے تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو امن میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

زیلنسکی نے کہا کہ وہ بدھ یا جمعرات کو انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ روبیو ترکی میں شام کے وزیر خارجہ سے بھی بات چیت کریں گے۔ ٹرمپ نے جنگ زدہ ملک پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا جو دسمبر میں بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد سے برقرار ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات