Live Updates

بھارت کی انتہا پسندی اور پاکستان پر حملے کے بعد افواج پاکستان نے جس طرح جواب دیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے، نثار ملک

بدھ 14 مئی 2025 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)ایم پی پی میری پہچان پاکستان حیدر آباد کی جانب سے دیالداس کلب میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور بھارت کو دندان شکن جواب دینے کے سلسلے میں فتح کا جشن منایا گیا۔ پروقار تقریب کی صدارت اہم رہنما ایم پی پی نثار ملک نے کی۔تقریب میں حیدر آباد کی سیاسی سماجی شخصیات اور تاجر برادری و عمائدین شہر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار ملک نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندی اور پاکستان پر حملے کے بعد افواج پاکستان نے جس طرح جواب دیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان کئی ماہ پہلے سے قوم کو متحد ہونے اور میری پہچان پاکستان کی سوچ کو اپنانے کے لئے جدوجہد کر رہیہیں ۔ آج پوری قوم متحد اور فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان ناقابل تسخیر ہیں۔

پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہی ہم سب کا نعرہ ہے۔ تاہم اس نازک گھڑی میں بھی افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے بھارت سے بھی بڑے دشمن ہیں اور انکا انجام بھی عبرت ناک ہوگا۔ ہمارا نعرہ " پہلے ریاست پھر سیاست " ہی ملک کے استحکام کا نعرہ ہے۔ ایم پی پی کے رہنما رشید نروان نے بھرپور جوشیلے انداز میں افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

یادگار شام میں ہاشم ملک، نعیم ملک، اشرف انصاری، محمود قائم خانی، قاضی سلام، ارشد انصاری، سعید قریشی ودیگر نے خطاب میں کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کی شجاعت اور بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ پاکستان ہم سب کی ریڈ لائن ہے۔ شرکا نے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے، پاکستان زندہ باد۔

افواج پاکستان زندہ باد۔۔۔ڈاکٹر عشرت العباد خان زندہ باد۔۔قومی نغمے اور پر جوش انداز میں وطن پرستی کے جزبات کا اظہار کیا۔ ہم پاکستان ہیں اور پاکستان کی افواج ہمارا مان ہیں۔ میری پہچان پاکستان اب ملک بھر کا نعرہ ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی شرکا نے مکمل تائید کی۔ آرمی چیف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا جنکی جرات مندی اور فورسزکے بہترین کردار نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا۔ آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان کے وطن پرستی کے بیانیہ کے ساتھ جڑے رہنے کا عہد کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات