Live Updates

جلد معاشی استحکام حاصل کرنے کیلئے اقلیتوں کی شمولیت یقینی بنانا ہوگی: سردار رمیش سنگھ اروڑہ

بدھ 14 مئی 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2025ء) پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ جلد معاشی استحکام حاصل کرنے کے لیے اقلیتوں کی شمولیت یقینی بنانا ہوگی۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرصدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور ہیومن رائٹس فار مائنارٹیز سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر سلیم شاکرنے بھی خطاب کیا۔

دورہ بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کو بااختیار بنانے اور معیشت میں شمولیت کے عزم کا عکاس تھا۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی ترقی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور انہیں معاشی پالیسی سازی، تجارت اور کاروباری ترقی جیسے اہم شعبوں میں مکمل طور پر شریک کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وقت آگیا ہے کہ اقلیتی کاروباری افراد کے لیے مخصوص سہولیات فراہم کی جائیں اور ان رکاوٹوں کو ختم کیا جائے جو ان کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اقلیت دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ایک برداشت اور شمولیت پر مبنی معاشرہ ابھر رہا ہے جو بانی پاکستان قائداعظم کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے دنیا بھر کی سکھ برادری کو پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر شہری کے حقوق کی محافظ ہیں، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا عقیدے سے ہو۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شادنے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ لاہور چیمبر میں مسیحی اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں کاروباری افراد بطور ممبر شامل ہیں جو ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لاہور چیمبر ہمیشہ انسانی حقوق کے تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے مساوی معاشی مواقع کا حامی رہا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ حکومتِ پنجاب نے اقلیتی امور کی اہم وزارت سردار رمیش سنگھ اروڑہ جیسے اہل اور بصیرت رکھنے والے سیاستدان کو سونپی۔انہوں نے صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وزیر کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں لاہور چیمبر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

میاں ابوذر شاد نے سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیومن رائٹس کا مکمل روڈ میپ بھی وزیر کے ساتھ شیئر کیا جس میں بتایا گیا کہ کس طرح لاہور چیمبر اقلیتوں کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشی شمولیت کو فروغ دینے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔نائب صدر لاہور چیمبر شاہد نذیر چودھری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اور کاروباری برادری کو مل کر ملک کے تمام طبقات، خصوصاً پس ماندہ اور محروم طبقات، کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ کو بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی ہم بستگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔مزید برآں، شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک انسانی زنجیربھی بنائی، جو قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات