ةبلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے خصوصی ویزا فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیا جائے گا، ڈاکٹر بخیت عتیق

بدھ 14 مئی 2025 21:05

‘کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2025ء) کراچی میں تعینات متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے خصوصی ویزا فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیا جائے گا، تاکہ تاجروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے فوری اور آسان ویزے فراہم کیے جا سکیں۔یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے ملاقات کی، جس میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات، سہولیات اور اسٹرٹیجک منصوبوں میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یو اے ای قونصل جنرل نے اعلان کیا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے متحدہ عرب امارات خصوصی ویزا فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرے گا، تاکہ تاجروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے فوری اور آسان ویزے فراہم کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ خلیفہ پورٹ سمیت مختلف اسٹرٹیجک منصوبوں میں شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، اور ان منصوبوں کو حکومت سے حکومت کے تعاون کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون نے قونصل جنرل کو بلوچستان میں جاری اور مجوزہ سرمایہ کاری منصوبوں، ان کی تفصیلات ممکنہ فوائد اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا۔

یو اے ای قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے سرمایہ کاری منصوبوں کو اپنے سرمایہ کاری پورٹل پر شائع کیا جائے گا تاکہ عالمی سرمایہ کاروں کو ان تک رسائی حاصل ہو سکے۔بلال کاکڑ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان، بالخصوص بلوچستان کا دوست ملک ہے۔ ہم یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون، سیکورٹی اور سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ بلوچستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔