پوری قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے، صدر مملکت

پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہندوتوا نظریہ خطے کیلئے خطرہ ہے،آصف علی زردای کا سی ایم ایچ کا دورہ

بدھ 14 مئی 2025 22:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف جارحیت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے، پوری قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے۔بدھ کوصدر مملکت آصف علی زرداری نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا اور بھارتی حملوں میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں، متاثرہ شہریوں کی عیادت کی۔

صدر مملکت نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی بہادری، قربانی اور حب الوطنی کو سراہا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم، اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستانیوں نے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کا رویہ جارحانہ، شدت پسندانہ اور علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے، ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف جارحیت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے مگر پاکستان اپنی خود مختاری، قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے، ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔صدر مملکت نے ہسپتال کے ڈاکٹروں، طبی عملے، نرسنگ سٹاف اور انتظامیہ کا زخمیوں کی دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔