پاکستان آرگنائزیشن کی طرف سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر "یومِ تشکر" منایا گیا

جمعرات 15 مئی 2025 00:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) پاک فوج کی جانب سے "آپریشن بنیان مرصوص" کے ذریعے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے پر محافظِ پاکستان آرگنائزیشن کی طرف سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر "یومِ تشکر" مناکر مرکزی چیئرمین محمد یوسف شیخ کی قیادت میں ایس ایس پی چوک لاڑکانہ سے سر شاہنواز بھٹو لائبریری تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی میں شہر کی مختلف مذہبی، اقلیتی برادریوں، سول سوسائٹی کے رہنماؤں، نوجوانوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شرکانے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھاکر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، مودی سرکار مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین یوسف شیخ، سید ذوالفقار علی شاہ، ضلعی چیئرمین مجاہد علی ابڑو، ضلعی صدر ایڈووکیٹ سعید احمد رمیش کمار، محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر شمس الدین کلہوڑو، صوبائی وائس چیئرمین امجد علی آگانی، صوبائی صدر گداحسین جویو، یوتھ ونگ کے رہنما وسیم منگریو،، ٹرانس جینڈر رہنما ثمرن، حافظ بشیر احمد شیخ، محمد اسلم راجپوت، امام الدین اور دیگر نے کہا کہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے "آپریشن بنیان مرصوص" کے ذریعے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دنیا کو یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے جس کے بعد بھارتی حکومت اور فوج کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، اس شاندار کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، کیونکہ پاک فوج ہمارا قومی اثاثہ اور ملکی سرحدوں کی محافظ ہے۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، بقا اور پاک فوج کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔