Live Updates

جرمنی ، عالمی کانفرنس میں 130 ممالک کے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئےبھرپور تعاون کے وعدے

جمعرات 15 مئی 2025 11:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) جرمنی کے شہر برلن میں 130 سے زائد ممالک کے وزرا اور بین الاقوامی شراکت داروں کی کانفرنس میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے ساتھ ہرطرح کا فوجی ،تکنیکی اور سیاسی تعاون کا وعدہ کیا گیا۔جاری اعلامیے کے مطابق جرمن حکومتِ کی میزبانی میں امن قائم کرنے سے متعلق دو روزہ کانفرنس میں ایک ہزار سے زیادہ شرکا جن میں مختلف ممالک کے وزرائے دفاع اور وزرا ئے خارجہ شامل تھے ، نے امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کیا۔

شرکا نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے 88 فوجی اور پولیس یونٹس، خصوصی تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور سٹریٹجک مواصلات میں سرمایہ کاری فراہم کرنے کے وعدے کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے خبردار کیا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں قیام امن کے اقدامات بڑھتے ہوئے تناؤ کا شکار ہیں ۔ ابتدائی کلمات میں انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو جدید ٹیکنالوجی کی حامل اقوام متحدہ کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت جبکہ ادارے کو دنیا بھر میں امن قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔

جرمنی نے تربیت، قابل تجدید توانائی کے حل اور ڈرون ٹیکنالوجی کے وعدوں کے ساتھ ساتھ 82 ملین یورو (تقریباً 91.7 ملین ڈالر) کی فنڈنگ ​​کا اعلان کیا۔جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے کہا کہ جرمنی اقوام متحدہ کی امن فوج کی مسلسل حمایت کرتا ہے۔اقوام متحدہ کے کل 74 رکن ممالک نےامن مشنز کے لئے معاونت کے وعدے کئے جن میں وردی والے اہلکاروں سے لے کر تربیت اور سٹریٹجک سپورٹ میں معاونت بھی شامل ہے۔

کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے تسلیم کیا کہ امن دستے پیچیدہ اور خطرناک ماحول میں کام کر رہے ہیں، عالمی تنازعات کی ریکارڈ تعداد، ڈرونز اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کے ذریعے امن فوجیوں کو نشانہ بنانا اور غلط معلومات پھیلانے والی مہمات سے خطرات میں اضافہ ہورہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے مسلسل مالی امداد کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے مشن رکن ممالک کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے مشکلات درپیش رہتی ہیں جس کے باوجود جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہایہ بالکل ضروری ہے کہ تمام رکن ممالک اپنی مالی ذمہ داریوں کا احترام کریں، اپنی شراکت کو مکمل اور وقت پر ادا کریں۔ واضح رہے کہ امن قائم کرنا اقوام متحدہ کی سب سے اہم سرگر می ہے جس میں پاکستان سمیت 119 ممالک کے 61,000 سے زیادہ باوردی اہلکار حصہ لے رہے ہیں جو اس وقت 11 مشنوں میں تعینات ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات