Live Updates

پاکستان اور بھارت دونوں زبردست ایٹمی طاقتیں ہیں، معمولی نوعیت کا ٹکراو ہوتا تو لاکھوں لوگ مارے جاتے، ٹرمپ

ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے شامل ہوئے، دونوں روایتی حریف ملکوں کو قائل کر لیا کہ آئیں امن قائم کریں اور آپس میں معاہدہ کریں، امریکی صدر کا فاکس نیوز کو انٹرویو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 13:35

پاکستان اور بھارت دونوں زبردست ایٹمی طاقتیں ہیں، معمولی نوعیت کا ٹکراو ..
قطر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025ئ)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں زبردست ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں کے درمیان معمولی نوعیت کا ایٹمی ٹکراو بھی ہوتا تو لاکھوں لوگ مارے جاتے،ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے شامل ہوئے، امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے دونوں روایتی حریف ملکوں کو قائل کر لیا کہ آئیں امن قائم کریں اور آپس میں معاہدہ کریں۔

یہ بہت اہم معاملہ تھا جس کے باعث ہمیں جنگ بندی کیلئے کودنا پڑا۔اس سارے معاملے میں مارکو روبیو، جے ڈی وینس نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جب دیکھا کہ معاملہ بہت سنجیدہ ہوگیا تھا۔ اگر چاہے معمولی حد تک ہی کیوں نہ ہو جوہری جنگ شروع ہو جاتی تو یہ واقعی کسی بہت بڑی تباہی کی شروعات ہو سکتی تھی۔

(جاری ہے)

مجھے لگا کہ یہ وہ معاملہ ہے جس میں ہمیں شامل ہونا چاہیے۔

اس میں ٹیم کے دوسرے لوگ بھی شامل تھے۔ کیونکہ دونوں ملک بہت مضبوط نیوکلیئر طاقتیں ہیں۔ درحقیقت بہت ہی زبردست نیوکلیئر طاقت ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا انٹرویو کے دوران مزید کہنا تھا کہ ہم نے انہیں قائل کر لیا کہ آئیں امن قائم کریں اور آپس میں معاہدہ کریں۔میں نے اچھا کام کیا اور اس کے ساتھ ساتھ مارکو روبیو اورجے ڈی وینس نے بھی بہت اچھا کام کیا ۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایک طرح سے ایک ٹیم بن گئے تھے اور میرے خیال میں ہم نے بہتر کام کرتے ہوئے دوملکوں کے درمیان ایٹمی جنگ کو روک دیا ۔ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اتنی زیادہ تھی کہ اگر صرف ایک یا دو حملوں میں بھی لاکھوں لوگ مارے جا سکتے تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی تھی کہ پاک بھارت جنگ بندی قائم رہے گی اور ممکن ہے امریکہ دونوں ممالک کے رہنماوں کو عشائیہ پر اکٹھا کرلیں گے۔

شاید ہم پاکستان اوربھارت کو تھوڑا اور قریب لاسکیں ۔سعودی امریکن سرمایہ کاری فور م سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کاکہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو کہا جھگڑا چھوڑیں کچھ تجارت کریں۔ دونوں دوستوں کو کہا تھاکہ نیوکلیئر میزائلوں کے بجائے تجارت کا سوچیں۔ان چیزوں کی تجارت کریں جو آپ بہت عمدہ بناتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کے خواہاں تھے۔

امریکہ نے کامیابی سے پاکستان اور بھارت میں سیز فائر کرایاتھا۔ امید ہے دونوں ملک سیز فائر پر قائم رہیں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا ایک تاریخی معاہدہ کیا تھا۔ دونوں ملکوں کی لڑائی میں لاکھوں لوگ مارے جا سکتے تھے۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آرہی تھی۔ ممکن ہے امریکہ ان ممالک کے لیڈروں کو ایک جگہ جمع کرلے۔ ہوسکتا ہے ہم پاکستان اور بھارت کو تھوڑا قریب بھی لے آئیں۔ پاکستان اور بھارت ایک ساتھ ڈنر کریں، کیا یہ اچھا نہیں ہوگا؟۔ڈونلڈٹرمپ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ مارکوروبیونے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں اہم کردارادا کیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات