Live Updates

پاکستان کی اضافی بجلی وسطی ایشیائی ممالک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، سرداراویس لغاری

جمعرات 15 مئی 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے (کاسا )نیٹ ورک شراکت دار ممالک کو ریورس انرجی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سردیوں میں اپنی اضافی بجلی رکن ممالک کو فراہم کرنے کے لئے تیار ہے،پاکستان کی اضافی بجلی وسطی ایشیائی ممالک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، منصوبے کی بروقت تکمیل وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف توانائی کی ترسیل میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ علاقائی تعلقات کی مضبوطی کا بھی ضامن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجکستان کے شہر تاشقند میں کاسا۔1000 انٹرگورنمنٹل کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے منصوبے کی اہمیت، اس کے اہداف اور پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی جس میں افغانستان، تاجکستان، کرغزستان اور پاکستان کے وزرائے توانائی و نمائندگان سمیت عالمی اداروں اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ کاسا۔1000 صرف توانائی کی ترسیل کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جو پورے خطے میں اقتصادی ترقی، ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کو فروغ دے گا، اس منصوبے کی بروقت تکمیل وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف توانائی کی ترسیل میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ علاقائی تعلقات کی مضبوطی کا بھی ضامن ہے۔

انہوں نے ریورس انرجی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ کاسا نیٹ ورک کو دوطرفہ توانائی تجارت کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نیٹ ورک کا مؤثر اور شفاف استعمال تمام شراکت دار ممالک کے لئے یکساں طور پر فائدہ مند ہونا چاہئے تاکہ ہر ملک کو یکساں طور پر فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں اگرچہ کچھ تاخیر آئی ہے تاہم پاکستان نے اس کے تمام اثاثہ جات کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کاسا۔1000 نہ صرف توانائی کے شعبے کا ایک اہم منصوبہ ہے بلکہ یہ پورے خطے کی خوشحالی، استحکام اور باہمی تعاون کی بنیاد بھی ہے، اس منصوبے کی کامیاب تکمیل ہمارے مشترکہ عزم کا ثبوت ہو گی جو پورے خطے کے لئے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات