Live Updates

بھارتی جارحیت کیخلاف جوابی کارروائی اور آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یو م تشکر منایا جا رہا ہے

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی، فضا "اللہ اکبر" اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی،مزارقائد اور مزار اقبال پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 16 مئی 2025 10:28

بھارتی جارحیت کیخلاف جوابی کارروائی اور آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی ..
اسلام آباد،لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 مئی 2025) بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یو م تشکر منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس کے دوران فضا "اللہ اکبر" اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی، پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔اسی طرح لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔ تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں آج یوم تشکر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد جائے گا، جبکہ مساجد میں شکرانے کے نوافل اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

شہریوں نے بھی ملک کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ یوم تشکر کی تقریبات کا مقصد قوم کو دشمن کے خلاف حوصلہ، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک بڑی عسکری کامیابی ہے بلکہ اس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانے والی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خود مختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا تھاجسے ناصرف دنیا نے تسلیم کیا بلکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی تھیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات