Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی کی بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر قوم کو مبارکباد

جمعہ 16 مئی 2025 13:09

سپیکر قومی اسمبلی  کی بھارت کے خلاف  پاکستان کی تاریخی فتح پر قوم کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےبھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ۔جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداکو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کی کھلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، بہادر افواج نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔

10 مئی کے بعد والے پاکستان میں ایک نئی تازگی اور مسرت محسوس ہو رہی ہے،معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں ایک منفرد مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور عوام سیسہ پلائی دیوار کی مانند مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر دفاع وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی میڈیا اور نوجوانوں نے معرکہ حق میں مثالی کردار ادا کیا،پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے دوران بردباری اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا،سیاسی و عسکری قیادت نے یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا مردانہ وار جواب دیا، شہدا کی قربانیوں کو قوم کبھی نہیں بھولے گی، ملکی دفاع کے لیے پوری قوم یکجہتی کی علامت بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ثابت کیا کہ حوصلے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اختلافات سے بالا تر ہوکر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مسلح افواج کےلئے نیک خواہشات کا اظہا ر کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات