Live Updates

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا پشاور ہائیکورٹ بنوں بنچ کا دورہ ،جوڈیشل آٹومیشن کی فوری ضرورت پر زور

جمعہ 16 مئی 2025 18:49

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا پشاور ہائیکورٹ بنوں بنچ کا دورہ ،جوڈیشل آٹومیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیلنجنگ ماحول میں کام کرنے والے ججوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کو پشاور ہائی کورٹ کے بنوں بنچ کا دورہ کیا۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ انصاف کی منصفانہ اور موثر فراہمی کے لیے ججوں کی آزادی اور تحفظ خصوصاً ضلعی عدلیہ کی حفاظت ضروری ہے۔

دورے کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے ملاقات کی اور عدلیہ اور قانونی برادری دونوں کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے ججز، کرک بنوں، لکی اور شمالی وزیرستان سمیت ضلعی عدلیہ کے ارکان اور بنوں میں تعینات قانونی برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی عدالتی (پالیسی سازی) کمیٹی (این جے پی ایم سی) کے ایجنڈے پر کلیدی بحثیں بالخصوص ادارہ جاتی ہم آہنگی، عدالتی صلاحیت میں اضافہ اور قانونی تعلیمی اصلاحات پر زور دیا گیا۔ ان ترجیحات کا اعادہ کیا گیا اور عدلیہ اور بار کے ارکان کے ساتھ بھی باہمی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیر بحث موضوعات میں تجارتی قانونی چارہ جوئی سے نمٹنے کی اہمیت اور ایک وقف کمرشل لٹیگیشن کوریڈور کے قیام کی تجویز شامل تھی۔

ڈبل ڈاکٹ کورٹس کا تعارف جس میں فریقین، بنچ اور بار کے درمیان تعاون شامل ہے۔ عدالت سے منسلک ثالثی کی توسیع اور تاخیری مقدمات کو نمٹانے کے لیے ماڈل کرمنل کورٹس کی بحالی جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی گئی ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے انصاف کے شعبے میں آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی ) سے متعلق آمدہ سمپوزیم کا حوالہ دیتے ہوئے جوڈیشل آٹومیشن کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید برآں اس بات پربھی زور دیا گیا کہ تجویز کردہ رہنما اصولوں کے مطابق پسماندہ علاقوں کے لیے فنڈز کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ایسے علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ججوں کے لیے غیر ملکی تربیت اور دوروں کی سہولت کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہاگیا کہ قابل ترین ججوں کو پسماندہ علاقوں میں تعینات کیا جائے۔ آخر میں میرٹ، شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے جوڈیشل افسران کے لیے پرفارمنس ایکسی لینس انڈیکس کی ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپرنٹس وکلاء کے لیے معیاری تربیتی ماڈیولز کو مربوط کرنے کی تجویزبھی زیر بحث موضوع تھا۔ اس سلسلے میں ملک بھر کی بار کونسلوں کو مدعو کیا گیا کہ وہ آئندہ این جے پی ایم سی اجلاس میں شامل کرنے کے لیے مشترکہ تجاویز پیش کریں۔ یہ اقدام ملک بھر میں قانونی تعلیم اور عملی تربیت کو ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم اقدام کی نمائندگی کرتا ہے۔ چیف جسٹس نے مقامی جیل کی اصلاحی سہولیات کا بھی دورہ کیا۔

جیل کے معائنہ کے دوران انہوں نے جیل کے حالات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال اور کچن کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ایک نئے ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔چیف جسٹس نے قیدیوں کے تحفظات کے حوالے سے ان سے بات چیت کی۔اس موقع پر جیل حکام نے چیف جسٹس کی ہدایت پر سزا یافتہ قیدی کے سب سے پرانے زیر التواء کیس کے قیدی بہادر خان سے ملوایا ۔ چیف جسٹس نے 2019ء سے زیر التواء کیس میں طویل تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس کو آگاہ کیا گیا کہ اس معاملے کا فیصلہ حال ہی میں 23 اپریل 2025ء کو ہوا ہے۔چیف جسٹس نے آئینی اصولوں اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق جیل کے نظام میں شفافیت، انسانی سلوک اور احتساب کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کو چالان بروقت پیش کرانے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے کرمنل جسٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کو فعال کرنے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے کردار پر زور دیا۔

چیف جسٹس نے عدالتی افسران اور عدالتی احاطے کے سکیورٹی پروٹوکول کا مکمل جائزہ لیا۔ انہوں نے ملک کی تمام عدالتوں میں ایک محفوظ اور سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا جو عدلیہ کو آزادی اور دیانتداری کے ساتھ اپنے آئینی فرائض ادا کرنے کا موقع فراہم کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات