Live Updates

پاک بھارت جھڑپوں میں جوہری تابکاری کے حوالے سے بھارتی رپورٹیں بے بنیاد ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جنگ بندی پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 10 مئی سے وقتاً فوقتاً رابطے میں ہیں،پاک بھارت جنگ بندی خطے میں امن کیلئے ضروری تھی، پاک بھارت جنگ بندی پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں،سیز فائرکیلئے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، شفقت علی خان کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 16 مئی 2025 17:15

پاک بھارت جھڑپوں میں جوہری تابکاری کے حوالے سے بھارتی رپورٹیں بے بنیاد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 مئی 2025)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جھڑپوں میں جوہری تابکاری کے حوالے سے بھارتی رپورٹیں بے بنیاد ہیں، جنگ بندی پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 10 مئی سے وقتاً فوقتاً رابطے میں ہیں،دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا۔

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔گزشتہ دنوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی صورتحال رہی۔ بھارت کی جارحیت کی وجہ سے خطے میں امن کی صورتحال میں بگاڑ پیدا ہوئی۔ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے دشمن کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے جو پروپیگنڈے کے ذریعے جھٹلائی نہیں جا سکتی۔

(جاری ہے)

پاک بھارت جنگ بندی خطے میں امن کیلئے ضروری تھی۔

پاک بھارت جنگ بندی پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک کا شکریہ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

جنگ بندی بہت سارے دوست ممالک کی کوششوں سے کامیاب ہوئی اور پاکستان امید کرتا ہے کہ بھارت اس سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔ سیز فائرکیلئے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں۔ مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔پاکستان کے مسلح افواج نے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کیلئے جوابی کارروائی کی۔

پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کا انعقاد کیا گیا۔ ہمارے جواب کے پیچھے محرکات سب کے سامنے واضح تھے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ خود مختاری کی حفاظت اور احترام ہی اصل میں اہم ہے۔ دونوں ڈی جی ایم اوز مرحلہ وار تناو میں کمی کے میکنزم پر کام کر رہے ہیں۔

پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے اور ہمارا جواب پاکستان کی صلاحیت بتانے کیلئے اہم تھا۔ پاکستان ایئر فورس کو اپنے حدود کی خلاف ورزی کرنے اور اپنے حدود میں رہ کر کارروائی کا مینڈیٹ ملا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 14 مئی کو ہندوستان کے بارڈ سیکیورٹی کے اہلکاروں کو انڈیا کے حوالے کیا۔ بدلے میں ہندوستان نے پاکستان کو رینجرز کا نوجوان واپس کیا۔

پاکستان ایک پر امن اور امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن سے محبت کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت اور افغانستان کو خودمختار اور آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں۔ علاقائی امن کیلئے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔ پاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے۔ دوست ممالک سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں۔ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔ یورپی وزرا کے دورہ پاکستان اور بھارت دونوں میں توازن دیکھا جانا چاہیے۔ 

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات