کور کمانڈر لاہور کی مزار اقبال پر حاضری،پھول چڑھائے،خصوصی دعا کی

جمعہ 16 مئی 2025 13:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) معرکہ حق میں تاریخی فتح کے بعد جمعہ کو ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم تشکر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پر لاہور میں واقع مزار اقبال پر ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر لاہور نے مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر پھول چڑھائے اور ملکی سلامتی، ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔بعد ازاں کور کمانڈر لاہور نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔ دعائیہ تقریب میں بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک و قوم کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابیوں اور شہدا کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ تقریب میں عسکری و سول افسران کے علاوہ شہریوں نے بھی شرکت کی۔