مقبوضہ کشمیر، تلاشی کی کارروائیوں ،چھاپو ں کا سلسلہ جاری، 3 ہزار سے زائد کشمیری گرفتار

جمعہ 16 مئی 2025 21:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا بہیمانہ سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ قابض فورسز نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے اب تک 3ہزار سے زائد کشمیریوںکو گرفتار کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام، سانبہ، ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری پونچھ وغیرہ میں بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروئیاںجاری ہیں۔

قابض بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں اور اہم دستاویزات، فوبائل فون ، لیپ ٹاپ وغیرہ ضبط اور قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کر رہے ہیں ۔نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں گرفتار کر کے تفتیشی مراکز میںمنتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

22 اپریل کو پیش آنے والے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سی3ہزار سے زائد کشمیریوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام شدید مسائل ومشکلات سے دوچار ہیں اور وہ اس مسئلے کا فوری اور دیرپا حل چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر نے ہی حال ہی میں دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیلا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔

میر واعظ نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی پر مستقل طور پر عمل پیرا رہتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں تاکہ نہ صرف کشمیریوں کی مشکلات ختم ہوں بلکہ یہ پورا خطہ پائیدار امن وترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جائز سیاسی حقوق سے متعلق اوعدوں کی خلاف ورزی پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل اور کالے قوانین کے تحت گرفتاری روز کا معمول ہے۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں کی مسلسل نظر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔