اگلے 3 سے 4 روز تک بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے

جمعہ 16 مئی 2025 21:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء)ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ہے۔اگلے 3 سے 4 روز تک بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد میں درجہ حرارت 41، لاہور اور پشاور میں 43 ڈگری تک پہنچ گیا۔

فیصل آباد اور ملتان میں درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔دادو اور تربت ملک کے گرم ترین شہر، درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈکیا گیا۔ڈی جی خان، بھکر، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں 46 ڈگری گرمی رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بعد از دوپہر جزوی ابر آلود موسم اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے کچھ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

لاہور، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، مری اور گلیات متاثر ہو سکتے ہیں۔خیبرپختونخوا کے مانسہرا، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کوہستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔کشمیر میں دوپہر جزوی بادل، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔شدید دھوپ سے بچیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔انتظامیہ کو ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔