آزاد کشمیر بھر میں یوم تشکر کی تقریبات، شہداء کی بلندی درجات اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں

جمعہ 16 مئی 2025 21:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) آزاد کشمیر بھر میں یوم تشکر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ دارالحکومت مظفرآباد میں دن کا آغاز مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام، شہداء کی بلندی درجات اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔صبح کے آغاز پر دارالحکومت مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم تشکر کے سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر برائے پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی چوہدری محمد رشید نے چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مارچ پاسٹ کیا۔ مظفرآباد میں یادگار شہداء جموں کشمیر پر بھی یوم تشکر کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر چوہدری محمد رشید، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر محمد خوشحال خان اور انسپکٹر جنرل آزاد کشمیر پولیس عبد الجبار نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر بھی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مارچ پاسٹ کیا۔بعد ازاں یادگار شہداء سے ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء قومی و ریاستی پرچم اور افواج پاکستان و شہداء کے حق میں نعروں سے مزین بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے مرکزی شاہراہ پر مارچ کرتے رہے۔ شرکاء نے پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔