آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور افواج پاکستان کی فتح پر یوم تشکر منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 22:38

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور افواج پاکستان کی فتح پر یوم تشکر منایا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطہ میں پرچم کشائی کی تقریب اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔بعدازاں اظہار تشکر ریلی احاطہ ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوئی جو سید الشہداء چوک ہڈا باڑی میں پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔

(جاری ہے)

ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، بلدیاتی نمائندگان، پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن، مہاجرین جموں کشمیر،سول سوسائٹی، وکلاء، تاجران، شہریوں کے علاوہ طلباء نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان نے کی جبکہ ریلی میں چیئرمین ضلع کونسل پروفیسر سردار محمد آصف خان،ایس پی راجہ اکمل، ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی، سابق صدر انجمن تاجران حافظ طارق محمود، پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کے بلال خان، خالد کھوکھر، مہاجرین کے لطیف لون کے علاوہ بلدیاتی نمائندگان سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل تھے۔