یوم تشکر کی مناسبت سے سکھر پولیس کا فلیگ مارچ

جمعہ 16 مئی 2025 21:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی یومِ تشکر بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سکھر پولیس کی جانب سے ایک بھرپور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد امن و امان کے قیام، عوام میں اعتماد کے فروغ اور پاک فوج کی کامیاب عسکری کارروائی ”آپریشن بنیان مرصوص“ پر اظہارِ تشکر کرنا تھا۔

فلیگ مارچ گلوب چوک سے شروع ہو کر شہر کی مختلف اہم شاہراؤں، بازاروں اور چوراہوں سے گزرتا ہوا سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ کی قیادت سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سکھر اظہر خان اور ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی دھاریجو نے کی۔ مارچ میں پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سائرن بجاتی پولیس موبائلز اور موٹر سائیکل اسکواڈز پر مشتمل یہ مارچ شہریوں کی توجہ کا مرکز رہا۔

اس موقع پر ایس ایس پی اظہر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد صرف سکیورٹی کا مظاہرہ ہی نہیں بلکہ وطنِ عزیز کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ اظہارِ یکجہتی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر ایم بی دھاریجو نے کہا کہ پاک فوج کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر منانا قوم کی یکجہتی، عزم اور جذبے کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی میں پولیس اور عوام کا کردار بھی کلیدی ہے اور سکھر کے شہری دشمن کے مقابلے میں ہمیشہ یک آواز رہے ہیں۔