مقبوضہ جموں وکشمیر میں متعدد مقامات پر بھارتی فورسز کے چھاپے اورتلاشیاں،حریت رہنمائوں کی کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی مذمت

ہفتہ 17 مئی 2025 18:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے بھارتی پیراملٹری فورسز کے ساتھ ملکر مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس سے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھاپے سرینگر، گاندربل، بارہمولہ، سوپور، کپواڑہ اور ہندواڑہ میں مارے گئے۔

بھارتی پولیس ،سی آر پی ایف اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران گھروںمیں توڑپھوڑ کی ،مکینوں کو ہراساں کیا ، بینکوں اور جائیدادوں کی دستاویزات، لیپ ٹاپ اور موبائل فون اپنے قبضے میں لئے۔حریت پسندوں کے ساتھ مبینہ روابط کے بہانے یہ چھا پے کشمیریوں کو دبانے کی بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے ضلع سانبہ میں ننگل، چیلا ڈنگہ، گوران اور ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ من گھڑت الزامات کے تحت جیلوں میں بندکشمیری نظربندوں کو منظم طریقے سے علاج معالجے، قانونی ا مداد اور اہلخانہ سے ملاقات سمیت بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔حریت کانفرنس نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے 63سالہ محمد ایوب میر کے کیس کا حوالہ دیا جو معدے کے کینسرمیں مبتلا ہیں۔ترجمان نے کہا کہ علاج ومعالجے میں جیل حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے محمد ایوب میر کی حالت بگڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے ظلم وجبرکے وسیع تر سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ایڈوکیٹ منہاس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان بھارتی جیلوں کا فوری معائنہ کریں جن میں کشمیری نظربند ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے والد اور ممتازآزادی پسند رہنما میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا اعلان کیا ہے۔ یہ تقریبات جن میں قرآن خوانی، تلاوت مقابلوں، سیمینارز اور خصوصی دعائیہ مجالس شامل ہیں، اتوار 18مئی کو شروع ہوں گی اور 21مئی تک جاری رہیں گی۔ میر واعظ عمر فاروق نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مولوی محمد فاروق اور دیگر تمام کشمیری شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات میں بھرپور شرکت کریں ۔ میر واعظ مولوی فاروق کو نامعلوم مسلح افراد نے21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پرشہید کر دیا تھا۔