Live Updates

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے،صدر ریاست

جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیاء میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اتوار 18 مئی 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاک افواج نے بھارت کے غرور اور جنگی جنون کو خاک میں ملایا ہے بھارت کی انتہاء پسند مودی حکومت نے جنگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اور آزادکشمیر پر حملہ کیا جس پر ہماری بہادر مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے اور بھارت کے ائیر بیسز کو تباہ کیا جس پر پوری قوم پاک فوج کواس بہادری اور جرات پر سلام پیش کرتی ہے ۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیاء میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے جو کہ جنوبی ایشیاء کے امن کے لئے خطرے کا باعث ہے اس لئے انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے کشمیر ایشو کا حل نکالنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہیے کیونکہ مسئلہ کشمیرکے حقیقی فریق کشمیری عوام ہیں اور کشمیری عوام کو مذاکرات کی میز پر ساتھ بٹھانا ہو گا تاکہ اس مسئلے کا پائیدار حل نکل سکے اور خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سردار ذوالفقار روشن(امریکہ) اور راجہ جاوید(سوئٹزرلینڈ) سے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہماری پاک فوج نے جس جرات مندی اور بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاکستر کیا ہے اُس پر پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کو متحد و متفق ہو کر بھارتی جارحیت کو بین الاقوامی برادری کے سامنے لانا ہو گا اور بھارت کے ناپاک عزائم اور جنگی جنون کا پردہ چاک کرتے ہوئے دنیا کو بتانا ہوگا کہ مودی سرکار ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہو کر ہمسایہ ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور بھارت لائن آف کنٹرول پر بے گناہ شہریوں کو بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

لہذا اوورسیز کشمیریوں کو بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کا موثر اور جاندار انداز میں جواب دیتے ہوئے دنیا کو باور کروانا چاہیے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے اور اب لائن آف کنٹرول پر بسنے والی عام شہری آبادیوں کونشانہ بنا کر معصوم لوگوں کو بھی شہید کر رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات