میٹروپولیٹن یونیورسٹی ایمپلائز یونین سی بی اے کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی

فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی یونین آفس سے مین شاہراہ پر ریلی نکالی گئی

اتوار 18 مئی 2025 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی ایمپلائز یونین سی بی اے کا پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر یوم تشکر یوم تحفظ دفاع پاکستان کے طور پر منایا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کے اندر ریلی نکالنے کی اجازت نہ ملنے پر سی بی اے یونین کے صدر ندیم زیدی ،آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین و سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے صدر سیدذوالفقارشاہ،سماجی شخصیت ڈاکٹر یاسین کی قیادت میں یونین آفس سے یونیورسٹی کے سامنے مین شاہراہ پر ریلی نکال کر پاک فوج اور ملک سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیاگیا۔

اس موقع پر زبردست نعرے بازی کرکے پاک فوج سے اظہار تشکر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ذوالفقارشاہ،ندیم زیدی اور ڈاکٹر یاسین نے کہا کہ آج بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے۔پاک فوج نے جس طرح اپنی بھرپور طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کرکے دشمن کے دانت کٹھے کرکے اسکے عددی برتری کو خاک میں ملادیا۔

پوری پاکستانی قوم کے سر فخر سے بلند ہوگئے ہیں۔پاکستان مسلم دنیا کی واحد اٹیمی قوت ہے اور ایک زمہ دار اور پرامن قوم ہے۔لیکن جب بات ملک کی دفاع پر آئے گی۔ملک کا بچہ بچہ ہر نوجوان پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے باوجود میٹروپولیٹن یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سی بی اے یونین کو یونیورسٹی کے اندر پاک فوج یکجہتی ریلی نکالنے کی اجازت نہ دیکر پاک فوج سے نفرت کا اظہار کیا ہے جوکہ ناقابل قبول ہے۔

ہم وزیر اعظم پاکستان،وزیر اعلی سندھ،چیف سیکریٹری سندھ اور میئر کراچی سے اس سلسلے میں وائس چانسلر،رجسٹرار اور ڈائریکٹر HR کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔یہ عمل ملکی سلامتی ویکجہتی کے منافی عمل ہے اس کی انکوائری کی جائے اور انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج سے یکجہتی کا بینر اتارنے کی بضی مذمت کی ہے۔اس موقع پر ملازمین کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کرکے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا۔