Live Updates

پاک بھارت جنگ میں پاکستانی افواج نے دشمن کی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا،ساجدہ فاروق تارڑ

اتوار 18 مئی 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) مسلم لیگ (ن)کی سینئر رہنما اور معروف سماجی و سیاسی شخصیت ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستانی افواج نے بہترین حکمت عملی سے بھارتی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا،بھارت کے خلاف جنگ جیتنے پر پاک فوج کا دنیا بھر میں مورال بلند ہوا ہے، پاک بھارت جنگ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،سپہ سالار اور پاک افواج کی نمایاں کارکردگی کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لاہور کے حلقہ این اے 127 میں منعقدہ یومِ تشکر کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی قیادت، پارٹی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ یومِ تشکر منانے کا مقصد اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے،پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف وطنِ عزیز کی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا بلکہ دشمن کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا مقصد خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا تھا، مگر افواج پاکستان نے اپنے حوصلے اور حکمتِ عملی سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیئے۔ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ پوری قوم اس نازک وقت میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی اورہر پاکستانی اپنے سپاہی، افسر و کمانڈر پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہمیں اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے نہایت دانشمندانہ انداز میں میڈیا کو موثر طور پر استعمال کرتے ہوئے عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کیں جس سے قومی بیانیے کو تقویت ملی۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت یا سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور وطن سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، دشمن کو ہر محاذ پر شکست ہوئی اور پاکستان کے موثر، فوری اور فیصلہ کن ردعمل نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات