Live Updates

جو فتح پاکستان کو ملی اس کے نتیجے میں بھارت نے کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے‘ مشعال ملک

پاکستان سے بدترین شکست کے بعد مودی اندر سے ٹوٹ گیا ہے، مودی مار کے بعد مایوس ،بوکھلاہٹ کا شکار ہے

اتوار 18 مئی 2025 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ جو فتح پاکستان کو ملی اس کے نتیجے میں بھارت نے کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے۔کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ویڈیو بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان سے بدترین شکست کے بعد مودی اندر سے ٹوٹ گیا ہے، مودی مار کے بعد مایوس اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی اپنی شکست کی شرمندگی کو کور کرنے کے لیے نہتے کشمیریوں پر سارا غصہ نکال رہا ہے، ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو جیل ڈال دیا گیا اور ان سے زبردستی اعترافی بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مودی سرکار کشمیریوں کے بزنس تباہ کر رہی ہے اور بھارت میں کشمیریوں کو یونیورسٹیوں سے نکالا جا رہا ہے، ان کی ڈگریز کو کینسل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو سوشل میڈیا پر لکھتا ہے اس کو خاموش کروایا جا رہا ہے، شکست کے بعد مودی سرکار یہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ مودی سرکار کا صرف اور صرف ایک ایجنڈا ہے کہ کشمیر کو کشمیریوں سے خالی کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور یہ حملہ کشمیریوں پر نہیں پوری انسانیت پر حملہ ہے، وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے سب کشمیریوں کی اواز بنیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات