Live Updates

سنگاپور ، پاکستانی ہائی کمیشن میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا

تقریب میںپاکستانی کمیونٹی کے 60سے زائد افراد کی شرکت ،پاکستانی فوجیوں کی جرات اور عوامی جذبہ کو سراہا

اتوار 18 مئی 2025 22:05

سنگاپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن میں معرکہ حق کی تاریخی فتح پر افواج پاکستان کی غیر متزلزل جرات اور پاکستانی عوام کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم تشکر منایا گیاجس میںپاکستانی کمیونٹی کے 60سے زائد افراد نے شرکت کی اور بہادر پاکستانی فوجیوں کی جرات اور عوام کے جذبہ کو سراہا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے اپنے خطاب میں بھارتی افواج کی حالیہ جارحیت کے دوران بہادری سے مادر وطن کا دفاع کرنے پر افواج پاکستان کی بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ردعمل کو بھارت کی بلا اشتعال اور گمراہ کن فوجی مہم جوئی کے خلاف طاقت کا شاندار مظاہرہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر نے شرکا کو آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت اور شاندار کامیابی سے آگاہ کیا جس نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا بلکہ قابل اعتماد ڈیٹرنس کو بھی تقویت دی ہے۔ ہائی کمشنر نے حالیہ کشیدگی کے دوران تارکین وطن سمیت پوری قوم کے اتحاد کو سراہا۔ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے پاکستان کی بھرپور سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کیلئے پرعزم ہے اورصرف اپنے دفاع میں بالغ نظری، تحمل اور منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی کرتا ہے، جس کا ہدف صرف فوجی تنصیبات ہوتی ہیں۔انہوں نے شرکا کو سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی طور پر معطل کرکے پانی کو ہتھیار بنانے کے بھارت کے مذموم عزائم اور پاک سرزمین پر دہشت گردی کی سرپرستی کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے اور بھارت پر زور دینا چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنے وعدے کی تعمیل کرے۔ کمیونٹی کے ارکان نے خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرنے پر افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فخر کا اظہار کیا۔ تقریب میں شہدا ، مسلح افواج کے جوانوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات