Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن اور اس کے تمام معاونین کے ہوش اڑادئیے،قاری عبد الرحمن قادری

پیر 19 مئی 2025 11:25

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن اور اس کے تمام معاونین کے ہوش اڑادئیے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی بین المذاھب امن کمیٹی پاکستان کے چیئرمین قاری عبد الرحمن قادری، سینئر وائس چیئرمین علامہ سکندر حیات ذکی، صدر پیر شاہد اشرف، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ طاہر محمود سیالوی، وائس چیئرمین قاری خبیب حمید، نائب صدر خالد محمود اعظم آبادی اور وائس چیئرمین پنجاب اُسامہ اصغرچیمہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 10 مئی کی صبح نماز فجر کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی توقعات کے عین مطابق اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اور نصرت سے الحمدللہ بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور بھارت کی جانب سے مسلسل 3 رات و دن سے جاری فضائی دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا۔

(جاری ہے)

بھارت کا پاکستان پر یہ جنگ مسلط کرنے کا مقصد گریٹر اسرائیل کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ یعنی پاکستان کو نقصان پہنچانا اور اس کے ایٹمی دانت توڑنا تھا۔ جس کیلئے اسرائیل نے بھارت کو ڈرونز بھی فراہم کر کھے تھے۔ گویا یہود و ہنود کا یہ کٹھ جوڑ جسے سورہ المائدہ کی آیت نمبر 82 میں بیان فرمایا گیا ہے اس نے اپنے تئیں پاکستان کو شکست دے دی تھی۔

لیکن اللہ کا خاص کرم ہوا کہ پاکستان نے بھارت کے طول وعرض میں میزائلوں، لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کے ذریعے تہلکہ مچادیا۔بھارت کے روسی ساختہ سخوئی طیاروں اور براہموس میزائلوں کے اڈوں کو تباہ کردیا۔ اللہ کی خاص مدد سے بھارت کی درجنوں اہم فوجی تنصیبات کو اس شدت سے نقصان پہنچایا کہ دشمن ناک سے لکیریں نکالتا ہوا امریکہ اور دیگر ممالک سے منتیں کرنے لگا کہ اگر پاکستان جنگ کو طول نہ دیے تو ہم بھی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔

بالاخر امریکہ اور دیگر چند ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ لیکن ہمارے نزدیک خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔ بھارت انتہائی عیار دشمن ہے جو اس معاہدے کی خلاف ورزی کے لیے دھوکہ بھی کرے گا اور اسے ایک دوسرے عیار دشمن کی مکمل معاونت حاصل رہے گی۔ سورہ الانفال کی آیت نمبر 60 میں مسلمانوں کو دی گئی رہنمائی کی روشنی میں ہمیں اپنی جنگی تیاری کو ہر حال میں مکمل رکھنا ہوگا۔ آپس کی ناچاقیوں اور ناراضگیوں کو بھلا کر ایک قوم کی مانند متحد ہونا ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات