غازی یونیورسٹی میں "ڈیرہ غازی خان میں لائیوسٹاک اور رینج لینڈ کا قیام" کے موضوع پر بین الاقوامی مشاورتی اجلاس منعقد

پیر 19 مئی 2025 15:04

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں "ڈیرہ غازی خان میں لائیوسٹاک اور رینج لینڈ کا قیام" کے موضوع پر بین الاقوامی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کی۔تقریب کا اہتمام شعبہ اینیمل سائنسز اور ایگرانومی نے انٹرنیشنل لائیوسٹاک ریسرچ انسٹیٹیوٹ (کینیا)، ورلڈ بینک، اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او ) کے اشتراک سے کیا گیا ۔

اجلاس میں پاکستان کے معروف ماہرین، سرکاری نمائندوں، اور بین الاقوامی اداروں کے ماہرین نے آن لائن شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ غازی یونیورسٹی عالمی اداروں کے تعاون سے جدید تربیتی سیشنز، فیڈ سسٹمز، پانی کی فراہمی، اور زمینی اصلاحات پر مبنی پراجیکٹس کا جلد آغاز کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی جنوبی پنجاب کو ترقی کا ماڈل ریجن بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔

اس موقع پر ورلڈ بینک کے نمائندہ پروفیسر پیر جے گربر، ڈاکٹر انتھونی وٹ بریڈ (تنزانیہ)، اور ڈاکٹر بین لکویو (آئی ایل آرآئی ) نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے عالمی تناظر میں لائیوسٹاک اصلاحات، گرین ہاؤس گیسوں میں کمی، اور مقامی کسانوں کی تربیت پر اظہار خیال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری لائیوسٹاک جنوبی پنجاب، اظفر ضیاء نے کہا کہ غازی یونیورسٹی خطے کے لیے امید کی کرن ہے اور حکومت ان کے تیار کردہ منصوبوں پر جلد عملدرآمد کرے گی۔

دیگر مقررین نے جنوبی پنجاب میں پائیدار لائیوسٹاک، زرعی ترقی، اور موسمیاتی مطابقت پذیر منصوبہ جات پر زور دیا۔ مقررین نے غازی یونیورسٹی کے ساتھ اشتراکی تحقیقی منصوبوں کے آغاز پر آمادگی کا اظہار کیا، جو خطے کے ماحولیاتی، زرعی اور اقتصادی استحکام میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔اجلاس سے چیئرمین شعبہ پیراسائٹالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر سہیل ساجد، رینج لینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے ڈاکٹر محمد خالد رفیق، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن سیدہ آمنہ بتول، اور فاریسٹ کنزرویٹر ملتان ڈاکٹر محمد مشتاق نے خطاب کیا۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر نے تمام مہمانان و مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غازی یونیورسٹی بین الاقوامی تحقیق اور پالیسی سازی کے لیے ایک ریجنل ہب کے طور پر ابھر رہی ہے۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں غازی یونیورسٹی کی طرف سے سرٹیفیکیٹ اور شیلڈ تقسیم کئے گئے۔