فورٹے کالجز آف ایکسیلنس اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سرگودھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد

پیر 19 مئی 2025 17:34

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) فورٹے کالجز آف ایکسیلنس سرگودھا کیمپس اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) سرگودھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ معاہدے کے تحت فورٹے کالج میں ڈاکٹرز اور شعبہ طب سے وابستہ افراد کے بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔معاہدے پر دستخط کی تقریب فورٹے کالج سرگودھا میں منعقد ہوئی، جس میں پی ایم اے سرگودھا کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ اور فورٹے کالج کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر و پرنسپل پروفیسر محمد رضوان نے دستخط کیے۔

تقریب میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں جن میں سابق سی ای او ضلعی ہیلتھ اتھارٹی و ایم ایس ڈی ایچ کیو اورمعروف چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر اقبال سمیع، میڈیکل سپیشلسٹ اور سابق ڈی ایم ایس ڈاکٹر فرحت خواجہ، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر محمد اقبال بھوآنہ، جنرل فزیشن ڈاکٹر ظفر اقبال اور چیئرمین فورٹے گروپ آف ایکسیلنس پروفیسر حامد یونس خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق فورٹے کالج نہ صرف شعبہ طب سے وابستہ افراد کے بچوں کو فیس میں رعایت دے گا بلکہ پی ایم اے کےاشتراک سے میڈیکل سے متعلق سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز کا بھی انعقاد کرے گا، جن سے کالج کے طلبہ مستفید ہوں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ یہ معاہدہ طب اور تعلیم کے شعبوں کے درمیان مضبوط رابطے کا آغاز ہے، جو نوجوان نسل کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ پروفیسر محمد رضوان نے اسے تعلیم و تربیت کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جبکہ پروفیسر حامد یونس خان نے کہا کہ فورٹے گروپ ہمیشہ سے معیاری تعلیم کو فروغ دیتا آیا ہے اور اس معاہدے سے شعبہ طب سے وابستہ خاندانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔