Live Updates

جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے،صدرآزادکشمیر

پیر 19 مئی 2025 22:31

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے افواج پاکستان کو آپریشن ''بنیان مرصوص'' میں عظیم الشان فتح سے سرفراز فرمایا، یہ معرکہ صرف ایک جنگ نہ تھی بلکہ حق و باطل کا ٹکرائو تھا، جہاں پاک فوج نے عددی طور پر دس گنا بڑے دشمن کو نہ صرف شکست دی بلکہ اس کے جنگی جنون اور غرور کو خاک میں ملا دیا،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال کی رہائش گاہ پر آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح پر یوم تشکر کے موقع پر استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق صدرمیرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال کے علاوہ چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، میئر میرپور چوہدری عثمان خالد، صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عمر شہزاد،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ، چیئرمین زکوٰۃ کونسل چوہدری صدیق اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فتح ہمارے شہدا کے لہو کی گواہی اور ان مائوں کی دعا ئوں کا ثمر ہے جنہوں نے اپنے لال اس وطن پر نچھاور کئے ، افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا، آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح افواج کی جرا ت اور شہدا کی قربانیوں کا مظہر ہے،آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں تاریخ ساز فتح پر ہم ہفتہ تشکر منائیں گے، اسی سلسلے میں یکم جون کوضلع کوٹلی میں یوم تشکر کی تقریب منعقد ہو گی ،میں خود اس تقریب میں شرکت کروں گا۔

صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیزفائر ایک خوش آئند پیش رفت ہےتاہم خطے میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ جاری مذاکرات کو سہ فریقی شکل دی جائے ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک مثبت اشارہ ہے، جس سے بین الاقوامی برادری کی توجہ اس سلگتے ہوئے مسئلے کی طرف مبذول ہوئی ہے، کشمیر کوئی علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کا مسئلہ ہے، جسے عالمی ضمیر کی بیداری اور سنجیدہ سفارتی کاوشوں کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں رہتا ہوں وہیں میں ریاست کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھتا ہوں، میرپور کے بیشتر مسائل حل ہو چکے ہیں راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے ،پارکنگ پلازہ کے منصوبے کا میں نے افتتاح کر دیا ہے جلد وہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔

سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو درپیش جن مسائل کا ذکر کیا ہے میں انہیں فوری طور پر حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا ،میرپور میں سی پیک منصوبہ کے تحت بزنس سینٹر کا قیام میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹر وے کا قیام میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میرپور میں ڈرائی پورٹ کا افتتاح میں نے کیا اس منصوبے پر 80 فی صد کام ہو چکا ہے۔میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام میرپور کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے ،اس سلسلے میں ہماری کوششوں سے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو چکا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات