Live Updates

ایس آئی ایف سی کے قیام کے بعد پاکستان میں بیرونی سرکاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 19 مئی 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے قیام کے بعد پاکستان میں بیرونی سرکاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے لئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار ہے ۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔

شازیہ مری کے سوال پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے آغاز کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگیا ہے ، ریڈ ٹیپ کو ختم کرنے کے لئے یہ ادارہ بنایا گیا تھا ،دو ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری آئی ہے ، ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں ۔ ارشد عبداللہ کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں بہت سی رکارٹیں تھیں جس کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا تھا ۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی کا مقصد ہے کہ تمام رکاوٹیں دور کی جائیں ۔مینوئل کی بجائے آٹومیشن کی طرف جارہے ہیں ۔ اسامہ حمزہ کے سوال پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار ہے ، انڈین پراکیسز بلوچستان اور کے پی میں جو کام کر رہی تھیں ان پر زمین تنگ کی گئی تو انڈیا نے مسلح جارحیت کی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات