محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی

پیر 19 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا زیادہ دباؤ رواں ہفتے کے دوران بھی موجود رہنےکا امکان ہے جس کے باعث20سے24 مئی کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں(سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔

20سے24 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے ۔اس دوران شدید گرمی کے با عث میدانی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔گرمی کی لہر کی وجہ سے عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جس کے مطابق دن کے دوران دھوپ میں کم سے کم نکلا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کریں،کاشتکار حضرات فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں اور اپنے جانوروں کو گرم موسم سے محفوظ رکھیں۔

(جاری ہے)

شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ برف پگھلنے کی شرح کو بڑھا سکتا ہے،زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کے درست استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ” الرٹ “رہنے اور گرمی کی لہر کی وجہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔