Live Updates

ممتاز عالم دین مولانا عبدالجلیل نقشبندی انتقال کر گئے

منگل 20 مئی 2025 01:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ممتاز عالم دین اور جماعت اسلامی راولپنڈی کے سابق امیر مولانا عبدالجلیل نقشبندی انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج 20 مئی بروز منگل 10 بجے صبح ریس کورس کی جنازہ گاہ میں ادا کی جائے گی۔ مولانا عبدالجلیل کچھ عرصہ سے علیل اور صاحب فراش تھے۔ مولانا عبدالجلیل نقشبندی کا آبائی تعلق بٹ گرام سے تھا۔

مگر وہ درس نظامی اور دینی تعلیم سے فراغت کے بعد 1970.71 میں راولپنڈی شفٹ ہو گئے تھے۔ ان کے والد مفتی عبدالرحمان بھی ایک جید عالم دین تھے۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالجلیل نقشبندی نے ڈھوک چودھریاں افشاں کالونی میں جامعہ صدیقیہ اسلامیہ کے نام سے دینی مدرسہ قائم کیا تھا۔ جبکہ وہ جامع مسجد ذیشان میں نصف صدی تک خطابت بھی کرتے رہے ہیں۔ وہ جماعت اسلامی راولپنڈی کینٹ پی پی 4 کے ناظم ، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی شہر اور نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کی ذمہ داریوں بھی ادا کرتے رہے ہیں۔

وہ جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر بھی رہے ہیں۔ مولانا عبدالجلیل نقشبندی معتدل مزاج عالم دین تھے۔ ان کا وسیع حلقہ احباب تھا۔ تمام مکاتب فکر کے مرکزی علماء کرام کے ساتھ ان کے ذاتی مراسم تھے۔ وہ منکسر المزاج اور سادہ طبیعت کے مالک تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات