Live Updates

میرواعظ مولوی محمدفاروق ، خواجہ عبدالغنی لون کایوم شہادت کل منایا جائے گا

منگل 20 مئی 2025 14:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اورآزاد کشمیر میں ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق،خواجہ عبدالغنی اور شہدائے حول کا یوم شہادت کل (بدھ کو) منایا جائے گا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے سیمینارز اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا اور مقررین جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی مذمت کریں گے۔

کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مزار شہداعید گاہ سرینگرجاکر تمام کشمیری شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔21 مئی 1990کو نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، اسی دن سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے میں شریک ہونےو الوں پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ستر سوگواران کو شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

12سال بعد21مئی 2002کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ مزار شہداسرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کل کشمیر ہائوس اسلام آباد میں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول سمیت جملہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک سیمینار منعقد کیاجائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات