Live Updates

لورالائی اولیوز کی عالمی کامیابی وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے وژن کی تعبیر ہے، رانا تنویر حسین

منگل 20 مئی 2025 17:39

لورالائی اولیوز کی عالمی کامیابی وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے وژن کی تعبیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی زیتون کے تیل کو ملنے والی پذیرائی کو زراعت کے شعبے میں پاکستان کی تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ کامیابی وزارت کے اٴْس وژن کی عکاس ہے جس کا مقصد پاکستان کو زرعی اور غذائی پیداوار میں خود کفیل بنانا ہے۔

یہ بیان انہوں نے لورالائی اولیوز کے اس کارنامے پر دیا جس نے نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن 2025 میں سلور ایوارڈ حاصل کیا جو کہ دنیا کا سب سے بڑا اور معتبر زیتون کے تیل کا مقابلہ ہے۔ دنیا بھر سے 1200 سے زائد برانڈز کی شرکت کے باوجود، بلوچستان کے ضلع لورالائی سے تعلق رکھنے والے اس برانڈ نے اپنی معیاری پیداوار، پائیدار طریقہ کار اور عمدہ پیکجنگ کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ عالمی پذیرائی ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور وزارت کی دیرینہ کوششوں کا ثمر ہے۔ لورالائی کی کامیابی، پاکستان کی کامیابی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2012 سے وزارت کی جانب سے شروع کیے گئے زیتون منصوبے کے تحت ملک بھر میں اولیو ویلیو چین قائم کی گئی، جس کے ذریعے کسانوں کو معیاری پودے، جدید ایکسٹریکشن یونٹس، اسٹوریج، بوتل بندی کی سہولیات اور تربیتی پروگرامز فراہم کیے گئے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق پیداوار دے سکیں۔

لورالائی اولیوز (LO) اس وژن کی ایک کامیاب مثال ہے۔ اس برانڈ نے بلوچستان کے مقامی کاشتکاروں کے ساتھ مل کر اربیکینا قسم کے زیتون کو ہاتھوں سے چٴْن کر، حکومت کی فراہم کردہ کولڈ ایکسٹریکشن مشینری کے ذریعے فوری طور پر پروسیس کیا۔ ہر بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جانچا گیا، جس میں تیزابیت، خالص پن اور ذائقہ شامل تھے، اور اسی معیار کی بنیاد پر اسے عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔

انہوںنے کہاکہ جب پاکستان ہر سال 4.5 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کر رہا ہو، تو یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ہمارے پاس وہ تمام وسائل موجود ہیں جو اس انحصار کو ختم کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں اس کامیابی سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی، پائیدار زراعت کے فروغ اور درآمدی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزارت اب تک 85 سے زائد زیتون سے متعلقہ اسٹارٹ اپس کو فنی اور مالی معاونت فراہم کر چکی ہے، کسانوں کو برانڈنگ، سرٹیفیکیشن، کوالٹی اشورنس اور بین الاقوامی معیار کی تربیت مہیا کی گئی ہے تاکہ وہ عالمی منڈی میں اپنا مقام بنا سکیں۔انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کو درآمدی معیشت سے نکال کر برآمدی طاقت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

لورالائی اولیوز ہماری اس نئی سمت کی شروعات ہے۔وزیر رانا تنویر حسین نے لورالائی کے کسانوں اور LO ٹیم کو اس غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں زیتون کی کاشت کو وسعت دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ ہم اٴْس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان خطے میں اعلیٰ معیار کے زیتون کے تیل کا مرکز نہیں بن جاتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات