Live Updates

جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بےمثال خوبیوں سے نوازا ہے

وزیر اعظم شہباز شریف کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد

muhammad ali محمد علی منگل 20 مئی 2025 20:58

جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بےمثال خوبیوں سے نوازا ہے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی ۔2025 ) وزیر اعظم شہباز شریف کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد، کہا جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بےمثال خوبیوں سے نوازا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے قائدانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دفاع وطن کیلئے گراں قدرخدمات پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بےمثال خوبیوں سے نوازا ہے انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی میں جنرل عاصم منیر کی دلیری اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا، آپریشن بنیان مرصوص سے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں آرمی چیف سے لےکر سپاہی نے دلیری سے اپنی خدمات سرانجام دیں، مجھ سمیت پوری قوم کو جنرل سید عاصم منیر، غازیان و شہدا اور انکے اہلخانہ پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آج اہم فیصلے ہوئے جہاں وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی، حکومت نے ائیر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو بھی جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر حکومت پاکستان کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی، کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے یہ تجویز پیش کی، جس پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی شہبازشریف کی تجویز کابینہ نے منظور کرلی۔

آپریشن بنیان مرصوص کے دوران گراں قدر خدمات انجام دینے والوں کو اعلی سرکاری ایورڈز سے نوازانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے متفقہ فیصلہ کیا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان، غازیان، شہدا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلی سرکاری ایورڈز سے نوازا جائے گا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات