Live Updates

فاروق ستار کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد، قومی دفاع اور بھارتی جارحیت کے خلاف جرات مندانہ کردار کو خراج تحسین

منگل 20 مئی 2025 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بلند ترین فوجی عہدے پر ترقی پانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے جس بصیرت، تدبر اور قومی جذبے سے پاکستان کی قیادت کی، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

ان کی عسکری حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کو ہر محاذ پر پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اعصابی جنگ کے میدان میں ان کی دانشمندانہ حکمت عملی نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ صرف ایک فوجی رینک نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ، قربانی، اور بے مثال قیادت کی علامت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان مزید مضبوط، مستحکم اور متحد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے سپہ سالار پر فخر ہے، اور یہ ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات