خضدار: اسکول بس میں دھماکا، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگردنیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا،آئی ایس پی آر

بدھ 21 مئی 2025 11:53

خضدار: اسکول بس میں دھماکا، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید
خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک المناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد ایسے گھناؤنے اور بزدلانہ واقعات کے پیچھے ہے، اور یہ حملے بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروائے ہیں۔پاکستانی فورسز نے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔