Live Updates

سردار مسعود خان کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، عباسپور میں گرلز ہائی سکول کا افتتاح کیا

بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور مادر وطن کے لئے ان کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا،باغ ،عباس پور میں پرائیویٹ سیکٹر میں عوامی بہبود کے مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کیا

بدھ 21 مئی 2025 19:50

عباسپور/ باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء) سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے ملحقہ علاقے عباسپور کا دورہ کیا اور مختلف تعلیمی و فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اپنے دورے کے دوران مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب میں انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہم پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ہم اس بار بھی سرخرو ہوئے اور پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع میں ہمیشہ کامیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بنیان مرصوص اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں، ہماری عزم و ہمت ناقابل شکست ہے۔ ہم نے اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے اور ایک مضبوط، خوشحال پاکستان اور آزاد کشمیر کی تعمیر کے لیے پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے عباسپور میں گرلز ہائی اسکول کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا، جو معروف پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت اور سماجی رہنما جناب محمود الحق کے تعاون سے مکمل ہوئی۔ اس ادارے سے ملحقہ ایک نیا تعلیمی بلاک تعمیر کیا گیا ہے جو طالبات اور اساتذہ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہے، اور علاقے میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے باغ میں ایم ٹی بی سی سے ملحقہ مسجد علی مرتضیٰ کا افتتاح کیا۔ اس مسجد کی تعمیر مذہبی روایات سے ہم آہنگ کمیونٹی ڈھانچے کی ترقی کی جانب ایک علامتی پیش رفت ہے۔ انہوں نے بعد ازاں باغ گرامر اسکول کا بھی دورہ کیا، جو امریکی معیار کی تعلیم فراہم کرنے والا ادارہ ہے جہاں 1050 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

اپنے دورے کے دوران انہوں نے پوٹھا، عباسپور میں ایک تقریب سے بھی خطاب کیا، جو معروف سماجی اور کاروباری شخصیت جناب محمود الحق کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں مذہبی اسکالرز، معززین علاقہ سرکاری حکام اور بلدیاتی نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔ سردار مسعود خان نے اشرف و منیرہ ہسپتال پوٹھا کا بھی دورہ کیا، جس کا افتتاح انہوں نے یکم جولائی 2019 کو کیا تھا۔

یہ ہسپتال بھی جناب محمود الحق کی کاوشوں اور مالی معاونت سے قائم کیا گیا ہے جو علاقے میں صحت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے اور عباسپور اور گرد و نواح کے عوام کو صحت کی شاندار خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹروتھی میں پاکستان آرمی کے گن پوسٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج اور مقامی شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس دورے کے دوران سردار مسعود خان نے ایم ٹی بی سی ٹیکنالوجی سنٹر کا معائنہ بھی کیا، جو پونچھ اور ملحقہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 3,300 سے زائد نوجوان گریجویٹس کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔ دورے کے دوران سردار مسعود خان نے جناب محمود الحق کو تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں ان کی غیر معمولی خدمات پر خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں مقیم صفِ اول کے پاکستانی کاروباری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور آزادکشمیر میں ان کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ان کی مادرِ وطن سے بے پناہ محبت کے عملی عزم کا مظہر ہیں۔

اس اہم اور دور رس اثرات کے حامل دورے کی معاونت سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری و سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان، جناب سید آصف حسین شاہ نے کی، جن کی قیادت اور انتظامی صلاحیتوں نے اس دورے کو کامیاب بنایا۔ سردار مسعود خان کے اس دورے نے آزاد کشمیر کے عوام میں پائی جانے والی استقامت، اتحاد اور ترقی کے جذبے کو اجاگر کیا اور ایک مضبوط، خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے قومی عزم کی تجدید کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات