Live Updates

خضدار میں سکول بچوں کی بس پر حملہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے،خرم نواز گنڈاپور

سامنے آ کر لڑنے کی جرات سے محروم دشمن بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے،دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

بدھ 21 مئی 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان خضدار میں بچوں کی سکول بس پر خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت پر حملہ قراردیا ہے۔ جاری بیان میں خرم نواز نے کہا کہ کوئی گرا ہوا ذہن ہی اس طرح کی کارروائی میں ملوث ہو سکتا ہے۔ بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد اور منصوبہ ساز انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دشمن جو سامنے آ کر لڑنے کی جرت سے محروم ہے وہ چھپ کر اب ہمارے بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دہشت گردوں اور پس پردہ منفی کرداروں کا یہ عمل قابل مذمت بھی ہے اور قابل گرفت بھی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی اس واردات میں ملوث تمام کرداروں کو عبرتناک سزا دینے کے لئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بچوں کے والدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اللہ رب العزت انہیں صبر دے۔

دریں اثنا صدر پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب قاضی شفیق، صدر پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی غلام علی خان نے بھی خضدار میں بچوں کی سکول بس پر خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان شا اللہ معصوم بچوں کا یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا،دہشت گرد اپنے ناپاک ارادوں کے ساتھ نیست و نابود ہونگے، پوری دنیا کو دہشت گردی کی اس واردات پر پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے ہر طرح کی مدد کرنی چاہیے۔ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں جان و مال کی لا تعداد قربانیاں دی ہیں، ہم دنیا کے امن کے لئے مسلسل قربانیاں دینے والی قوم ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات