Live Updates

ہمیں کشمیر کو مسئلہ بنا کر نہیں حل بنا کر پیش کرنا ہوگا،خرم دستگیر

جعفرایکسپریس پرحملہ کرنیوالوں کے پاس امریکی اسلحہ تھا، سابق وزیرکی نجی ٹی وی پروگرام میںگفتگو

بدھ 21 مئی 2025 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)سابق وزیرخرم دستگیر نے کہاہے کہ بھارت ایک بدمعاش ریاست ہے، ہم نے کہا تحقیقات کروا لیں، انہوں نے منع کر دیا، بھارت ثالثی اور گفتگو کیلئے بھی تیار نہیں تھا، ہمیں کشمیر کو مسئلہ بنا کر نہیں حل بنا کر پیش کرنا ہوگا، جعفرایکسپریس پرحملہ کرنیوالوں کے پاس امریکی اسلحہ تھا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی جانب سے دہشتگردی، ٹیرر فنانسنگ اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جن پر حکومت جلد ایک باقاعدہ بریفنگ دینے جا رہی ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں تخریب کاری کے ملوث ہونے سے متعلق کئی معاملات زیر غور ہیں، جن میں لاہور اور بدین میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا کہ کچھ حملوں کی ذمہ داری بھارت سے تعلق رکھنے والے عناصر نے قبول کی ہے۔سابق وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نہ تو ثالثی کیلئے تیار ہوتا ہے، نہ بات چیت کیلئے، اور نہ ہی کسی بین الاقوامی تحقیقات کو قبول کرتا ہے،ہم نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کروا لیتے ہیں، لیکن انہوں نے منع کر دیا، بھارت کسی بھی قسم کی شفافیت یا احتساب سے گریز کرتا ہے۔

خرم دستگیر نے کہاکہ بھارت صرف سیکیورٹی معاملات ہی نہیں، پانی جیسے اہم انسانی و تہذیبی مسئلے پر بھی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر رہا ہے، دریائے سندھ کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے، اور اگر بھارت پانی روکنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ صرف سیاسی نہیں بلکہ تہذیبی حملہ ہوگا،25کروڑ پاکستانی اس پانی پر انحصار کرتے ہیں، یہ ڈالر کا نہیں، زندگی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پانی کے مسئلے پر ماحولیاتی تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ بھارت کس طرح ایک تہذیب کے خلاف جارحیت کر رہا ہے۔سابق وفاقی وزیرنے بھارت کو بدمعاش ریاست قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ نہ صرف خطے میں امن کے خلاف کام کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی تجارتی بدنامی کا شکار ہے،بھارت ٹیرف پالیسیز کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہے، یہاں تک کہ امریکہ نے ایپل کو بھارت میں کام کرنے سے روک دیا۔خرم دستگیر نے زور دیا کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کو صرف ایک مسئلے کے طور پر نہیں بلکہ حل کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات