خضدار دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا

مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس نے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی ہے، دہشت گردوں کے حملہ میں شہید محمد اقبال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 مئی 2025 12:21

خضدار دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا
خضدار(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی 2025)خضدار میں گزشتہ روزہونے والے ہولناک دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ،پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی سنگین دفعات شامل کی گئی،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور دہشتگردی کے اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش کیلئے سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے سرگرم عمل ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقہ خضدار میں دہشت گردوں کے حملہ میں شہید محمد اقبال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔بلوچستان خضدار میں آرمی پبلک سکول بس پرحملے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد اقبال خان کی نماز جنازہ میانوالی کے علاقہ ٹولا منگلی میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نمازجنازہ میں آرمی جوانوں افسران سول سوسائٹی،انجمن تاجران کے نمائندگان سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔

شہید اہلکارمحمد اقبال کی وصیت کے مطابق شہید محمد اقبال کو کالاباغ کی مسجد گلزار مدینہ کے ساتھ قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روزخضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوںنے ایک سکول بس کو نشانہ بنایاتھا۔دھماکے میں بچوں سمیت 5 شہید ہوگئے تھے دھماکے میں 38افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔

افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیاتھا جہاں ایک سکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیاتھا۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی جبکہ زخمیوں کو خضدار اور کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے تھے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کاکہنا تھا کہ دھماکے میں 38 بچے زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا تھا تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں چار طالبات سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔

خضدار میں ہونے والے دھماکے کے شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ حملے میں متعدد بچے بھی زخمی تھے جوہسپتال میں زیرعلاج تھے۔