Live Updates

دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، فوج کی تنخواہوں کو ڈبل کرنا پڑے گا، مراعات بڑھانا پڑیں گی، فیصل واوڈا

اپنے شاہی خرچے روکنا پڑیں گے، ترقیاتی منصوبے روکنا پڑیں گے، سب کو ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور دل بڑا کرنا ہوگا، دفاعی بجٹ دوگنا تگنا کریں؛ سابق وفاقی کا سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 مئی 2025 13:20

دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، فوج کی تنخواہوں کو ڈبل کرنا پڑے گا، مراعات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2025ء ) پاکستان میں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ووٹوں سے منتخب آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کا دفاع بجٹ بڑھانا اور فوج کی تنخواہوں کو دگنا کرنا پڑے گا، رمضان میں فوج کے سپاہی کو 2 ہزار دیتے ہیں جس میں وہ سحری، افطاری اور رات کا کھانا کھائے، اگر اُس کے 4 بچے ہیں تو ہم 11 روپے کے حساب سے پیمنٹ کر رہے ہیں، وہ اِن 11 روپے کے بدلے میں دبا دب خون دے رہے ہیں، پاکستان کو جتا بھی رہے ہیں، سر پلیز دفاعی بجٹ دوگنا تگنا کریں، ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور قوم متحد ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ بجٹ کو کیسے دو یا تین گنا کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے ملک کی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کیلئے دفاعی بجٹ میں دو سے تین گنا اضافے کی تجویز دی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر دفاعی بجٹ کو بڑھانا پڑے گا، ہمیں ترقیاتی منصوبوں کی بجائے اب دفاع پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، افواج پاکستان کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور بھارت کے مقابلے کے لیے حکمت عملی پر بھی سنجیدہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، بھارت سے جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی ہمیں ترقی کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ، بھارت کی فوج کی تعداد ہم سے زیادہ ہے لیکن ہم نے ابھی تک اپنا بھرپور دفاع کیا ہے اور ہماری قوم اور فوج ہر سطح پر تیار ہے، پاک افواج نے حالیہ معرکہ میں دشمن کے 285 اہلکاروں کو ہلاک کیا، پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی واضح ہدایت تھی کہ کسی سویلین کو نقصان نہ پہنچے، بھارت پاکستان کو کمزور سمجھ بیٹھا تھا لیکن ہماری افواج نے جرات مندانہ جواب دے کر دشمن کو اس کی اوقات یاد دلا دی، ہم ہندوستان کے سامنے اپنی طاقت واضح کرچکے ہیں، حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے، یہ سب کچھ اپوزیشن کو ساتھ ملائے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات