Live Updates

زیتون کی ویلیو چین پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونک رہی ہے،رانا تنویرحسین

جمعرات 22 مئی 2025 17:37

زیتون کی ویلیو چین پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونک رہی ہے،رانا تنویرحسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ZABIST اسلام آباد میں’’اٴْڑان پاکستان‘‘اسٹارٹ اپ وژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیتون کی ویلیو چین پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کا شعبہ صرف زرعی پیداوار تک محدود نہیں رہا، بلکہ اب یہ ایک مکمل صنعتی ماڈل بن چکا ہے جو روزگار، برآمدات، اور جدت کے نئے در وا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای کامرس کے ذریعے 85 سے زائد زیتون اسٹارٹ اپس کامیابی سے کام کر رہے ہیں، جن میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں زراعت اور تجارت کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، اور حکومت اس سمت میں فعال اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے زور دے کر کہا کہ زیتون کی صنعت سے نہ صرف غیر پیداواری زمینیں کارآمد ہو رہی ہیں بلکہ پاکستان کے زرعی انقلاب کی بنیاد بھی رکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیتون ویلیو چین میں نجی شعبے کی شمولیت ایک خوش آئند پہلو ہے، اور حکومت اس تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ’’ایل او‘‘برانڈ کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے زیتون شعبے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت معیاری زیتون مصنوعات کی ترویج، پراسیسنگ، برانڈنگ اور برآمدات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ زیتون کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے وزارت ایک جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، اور عالمی معیار کے مطابق اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کاروباری ترقی کا موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زیتون کے کاروبار سے منسلک ہو کر ایک خود کفیل پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات