Live Updates

انڈین حکمت کار شکست کے بعد باولے ہوگئے اور پاکستان میں دہشتگردی نیٹ ورک کو فعال کردیا

بُنیانٗ مَّرصُوص آپریشن کی طرح پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف بھی سیسہ پلائی دیوار بنایا جائے، انڈیا کو اُس کی خرمستیوں کی سزا ازخود مِل جائے گی، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 22 مئی 2025 19:47

انڈین حکمت کار شکست کے بعد باولے ہوگئے اور پاکستان میں دہشتگردی نیٹ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 22 مئی 2025ء ) نائب امیرجماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کا امیر جماعت اسلامی خضدار اور بی این پی رہنما عبدالمجید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، سکول بس پر دہشت گرد حملہ درندگی کی انتہا ہے۔ اپنی قوم کے بچوں کو نشانہ بنانا قوم پرستی نہیں بدترین غیرانسانی سنگین جرم ہے۔

اسرائیل، انڈیا بچوں کے بڑے دشمن ہیں۔ شکست کے بعد انڈین حکمت کار باولے ہوگئے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی نیٹ ورک فعال کردیا گیا ہے۔ عسکری محاذ پر بھارت کو بدترین شکست کے بعد اندرونی محاذ پر جاری بھارت کی دہشت گردی کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا، اِس محاذ پر بھی پوری قوم متحد ہوکر بھارت کو شکست دے گی۔

(جاری ہے)

بلوچستان کا مسئلہ انتظامی سے زیادہ آئینی اور سیاسی ہے، بھارت بلوچستان کی پسماندگی کا فائدہ اُٹھاکر بلوچ نوجوانوں کو اپنے ہی ملک اور ہم وطنوں کے خلاف استعمال کررہا ہے۔

وزیراعظم میاں شہبازشریف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالات کی بڑھتی خرابیوں کے سدِّباب کے لیے بلاتاخیر قومی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، جنگی محاذ پر بُنیانٗ مَّرصُوص آپریشن کی طرح پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف بھی یکسوئی سے سیسہ پلائی دیوار بنایا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسرائیل انڈیا گٹھ جوڑ اسلام اور مِلّتِ اسلامیہ کے خلاف ہے، اس شیطانی گٹھ جوڑ کو امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، امریکہ کے پالیسی ساز اپنے آپ کو یہودی شکنجہ سے آزاد کرائیں وگرنہ اب دُنیا میں بڑھتی نفرتیں امریکہ کو تباہی کی آخری حد تک لے جائیں گی۔

امریکہ نے اپنی بالادستی کے لیے انڈیا اور اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کی ہے۔ امریکہ کو اپنی غلط حکمتِ عملی تبدیل کرنا ہوگی وگرنہ اُس کے خلاف تاخیر کا شکار نئی عالمی صف بندی میں تیزی آئے گی۔ چین میں پاکستان اور افغانستان کے وزراء خارجہ کا سہ ملکی اجلاس خطہ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، پاک چین اقتصاری راہداری منصوبہ میں افغانستان کی شمولیت بہت اہم اقدام ہوگا۔

CPEC کا CPAEC بننا خطہ کے لیے نیک شگون ہوگا۔ ایران اور ترکی بھی شامل ہوجائیں تو پور اخطہ علم، سائنس، ٹیکنالوجی، دفاعی اور اقتصادی میدانوں میں مزید مستحکم اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، انڈیا کو اُس کی خرمستیوں کی سزا ازخود مِل جائے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا ہر محاذ پر کامیابی کے لیے نظریاتی، سیاسی، اقتصادی بنیادوں پر مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔

نظریاتی، بااُصول اور باکردار اجتماعی قومی کردار ہی ملک و مِلت کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور پائیدار جمہوریت کے بنیادی نکات پر اتفاق ہے لیکن پی ٹی آئی کی اندرونی صورتِ حال تمام اپوزیشن جماعتوں کے لیے باعثِ تشویش بن گئی ہے، قومی ترجیحات اور قومی ایجنڈا پر پیش رفت نہیں ہوپاتی۔

اس لیے پہلے اپوزیشن جماعتیں قومی ایجنڈا پر اتفاق کے لیے مذاکرات کرکے اتفاقِ رائے پیدا کریں اور اسی بنیاد پر حکومتی جماعتوں کیساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ پی ٹی آئی اب بھی حکومت کی بجائے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ مذاکرات کو ترجیح دے رہی ہے، پی ٹی آئی کا یہ رویہ اپوزیشن جماعتوں کو جمود کا شکار کرنے کا باعث ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو درپیش یہ صورتِ حال سیاست اور نظامِ حکومت پر اسٹیبلشمنٹ کی گرفت مزید مضبوط بنانے کا باعث بن رہی ہے۔ ملک و مِلت کو آئین کی حکمرانی میں دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو خود اپنی ترجیحات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔ جماعتِ اسلامی کا واضح مؤقف ہے کہ اتحادی سیاست قابلِ عمل نہیں ہے، قومی ترجیحات پر قومی ایجنڈا کے تحت جدوجہد پر اتفاق ناگزیر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات